Categories
Inequality: عدمِ مساوات

ریاستی اور معاشرتی اداروں کو کیسے فعال بنایا جائے ؟

ادارے کسی بھی معاشرے اور ریاست کو چلانے اور مستحکم رکھنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں ۔ ریاستوں کی کامیابی اور معاشروں میں امن و امان اور خوشحالی کا ہونا ان کے اداروں کے فعال اور کامیاب ہونے پر ہی منحصر ہے ۔ اداروں کی فعالیت اور کامیابی کا انحصار ان میں موجود افراد کی صلاحیتوں، جسمانی و ذہنی صحت اور اخلاقیات پر ہوتا ہے ۔

فعال اور کامیاب ادارے بہترین افراد کو منتخب کرتے ہیں ۔ ان میں ایسے انتظام موجود ہوتے ہیں جو ملازمین کی مسلسل منصفانہ جانچ اور ان کی کارکردگی اور اطوار کی شفاف خبر رکھتے ہیں ۔ ان میں جامع اور شفاف احتساب کے فعال نظام ہوں گے تو وہ اپنے ملازمین اور ہرکاروں کی اچھی کارکردگی اور مناسب اطوار کا بندوبست کر سکیں گے ۔ اسی طرح اداروں کی فعالیت میں بھرتی کے شفاف اور مناسب عمل کا ہونا بھی کلیدی کردار ادا کرتا ہے ۔ اگر بھرتی کے عمل، ملازمین کی کارکردگی اور اطوار کی جانچ ، مناسب نگرانی اور شفاف احتسابی عمل میں سے کچھ بھی کمزور یا غیر فعال ہو جائے تو اداروں کے زوال پزیر، عوام دشمن اور جرائم پیشہ ہونے کا مسلسل خطرہ رہتا ہے ۔ ایسے ادارے ریاستوں کے انحطاط و انہدام اور معاشروں میں خانہ جنگی کا باعث بنتے ہیں ۔ کسی بھی ریاست اور معاشرے میں اداروں کو فعال، شفاف اور عوام دوست رکھنا افراد کی اجتماعی ذمہ داری ہوتی ہے ۔ سیاسی اور سماجی سطح پر منظم اور بیدار عوام ہی فعال اداروں کے والی و وارث ہوتے ہیں ۔ عوامی بیداری اور تنظم ، ان کی مناسب تعلیم اور ذمہ دار جدوجہد ہی اداروں کو فعال، ریاستوں کو ذمہ دار اور معاشروں کو خوشحال اور پُرامن رکھتی ہے ۔ اگر کسی معاشرے اور ریاست میں ادارے غیر فعال ہو رہے ہوں تو اس کی ذمہ داری اور الزام اجتماعی سطح پر وہاں کے عوام پر ہی آتا ہے ۔ یاد رکھیں، آپ خود بیدار رہیں گے تو آپ کی ریاست اور اس کے ادارے فعال رہیں گے۔ آپ منظم جدوجہد کریں گے تو آپ کے ادارے جرائم پیشہ نوسر بازوں سے صاف ہو سکیں گے۔ آپ اچتماعی جدوجہد کریں گے تو احتساب اور انصاف کا حصول ممکن بنا سکیں گے ۔ آپ کی ریاست، گھر، خاندان اور معاشرے میں امن اور استحکام کا انحصار کسی بھی رہنما یا مسیحا سے زیادہ آپ کی اپنی بیداری، تنظیم اور جدوجہد کی صلاحیتوں پر ہے ۔

By Fawad

I am an activist and a Research Scholar.

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *